Farabia-Story in Urdu

Farabia-Story in Urdu – Article No. 1

Farabia-Story in Urdu is about a Nawab Sahab and a pocket picker. The pocket picker deceives Nawab Sahab twice and for the third time, he even succeeded to skip away with the bike of Nawab Sahab. Be there on Urdu World Pk for the complete story and for more interesting Stories for Kids.

Farabia–Story in Urdu

فریبیا

اُف ،اتنی گرمی ۔ایسا لگ رہاہے ،سورج میاں سرپر کھڑے ہیں۔

نواب صاحب بڑبڑاتے ہوئے سبزی کا تھیلا اُٹھائے چلے جارہے تھے کہ اچانک ایک نوجوان سے ٹکرا گئے،یا شاید نوجوان ان سے ٹکرا گیا۔

آلو زمین پر گر پڑے۔ ”ارے ارے میاں! یہ اندھوں کی طرح کیوں ٹکراتے پھررہے ہو،سڑک پر شرافت سے چلا کرو۔“ نواب صاحب نے بھی نوجوان کو نہ بخشا۔”معافی چاہتا ہوں انکل! ذرا جلدی میں تھا۔نوکری پر جارہا تھا۔یہ لیں آپ کے آلو۔“نوجوان نے معافی مانگنے کے ساتھ ساتھ ٹکرانے کی وجہ سے گرنے والے آلو بھی اُٹھا کر دے دیے۔ وہ ذرا جلدی میں لگتا تھا،اتنی دیر میں نواب صاحب اُس کا معائنہ کر چکے تھے۔وہ پینٹ شرٹ پہنے اچھے گھر کا لگتا تھا۔ ”اچھا،اچھاجائیے ، مگر آیندہ احتیاط کیجیے گا۔“ نوجوان ،نواب صاحب کی نصیحت سننے سے پہلے ہی جا چکا تھا۔ ”توبہ ،یہ آج کل کے بچے کسی کی نہیں سنتے ،بس جلدی ، ہر وقت جلدی۔“ نواب صاحب بڑبڑاتے ہوئے گھر کو چل دیے۔ وہ بڑے سادہ انسان تھے۔ نواب صاحب کو جتنی جلدی غصہ آتا تھا، اُتنی ہی جلدی اُتر بھی جاتا تھا۔ سیدھے سادے نواب صاحب کو گھر جا کر پتا چلا کہ کسی نے نہایت صفائی سے اُن کی جیب کاٹ لی ہے۔ اچانک اُن کو وہی نوجوان یاد آیا ، جس سے وہ ٹکرائے تھے۔ اُنھیں اُس نوجوان پر بےحد غصہ آیا ، مگر اب کیا ہو سکتاتھا ، وہ نوجوان تو اپنا کام کرچکا تھا۔

 کچھ دن بعد نواب صاحب بازار میں ایک دوکان سے سودا سلف لے رہے تھے کہ اپنے برابر کھڑے آدمی پر ایک سرسری سی نگاہ ڈالی۔ سوچنے لگے کہ اُنھوں نے اِس آدمی کو کہاں دیکھا تھا۔ اچانک اُن کے ذہن میں جھماکا ہوا کہ یہ تو وہی جیب کترا نوجوان ہے۔ اِتنے میں وہ نوجوان سودا سلف لے کر جانے لگا۔ نواب صاحب نے تیزی سے آگے بڑھ کر اُس کا بازو پکڑ لیا: ”ارے میاں جیب کترے! کہاں چلے ، پھر کسی کو لوٹنے تو نہیں جارہے؟“ نوجوان نواب صاحب کو دیکھ کر گڑبڑا گیا۔ وہ رفو چکر ہونا ہی چاہتا تھا کہ نواب صاحب نے اپنے ہاتھ کی گرفت سخت کردی۔ ”ارے انکل! آپ تو وہی ہیں نا․․․․․․“ ”ہاں وہی ہوں ،جس کی تم نے جیب کترلی تھی۔“ نواب صاحب نے اُس کی بات کاٹی۔ ”ہاں ،نہیں ، جی ، وہ بس انکل! اب آپ کو کیا بتاؤں!“ نوجوان نے اپنے اوپر معصومیت طاری کرلی:”میرے بچے تین دن سے بھوکے تھے۔ گھر میں کھانے کو کچھ نہیں تھا ، بہت مجبور ہو کر میں نے یہ حرکت کی۔“وہ بہت معصوم دکھائی دینے لگا۔ نواب صاحب اپنا غم بھول کر نوجوان کے دکھ پر افسردہ ہو گئے۔ جیب سے کچھ پیسے نکال کر اُسے دیے اور کہا:”بچوں کے لیے پھل وغیرہ لیتے جانا ،بچے خوش ہو جائیں گے ۔ “ ”ارے انکل! آپ کا بہت بہت شکریہ ۔“نوجوان نے پیسے لیتے ہوئے نادیدہ آنسو پونچھے اور نواب صاحب کے گلے لگ گیا۔ ”اچھا بیٹا! اب کوئی بُرا کام نہیں کرنا اور توبہ کر لینا اِس کام سے۔ “ نواب صاحب بولے۔ ”جی انکل! اب نہیں کروں گا ایسا کام۔“ نوجوان ندامت سے سر جھکا کر ایک طرف کو چل دیا اور نواب صاحب نے اپنے سودے کے پیسے دینے کے لیے جیب میں ہاتھ ڈالا تو پتا چلا کہ آج وہ پھر لُٹ گئے۔ ”ہائے ہائے ،آج ہم پھر لُٹ گئے۔ وہ ہمیں پھر لُٹ کر چلا گیا۔“نواب صاحب واویلا کرنے لگے ، پھر دکان دار سے مخاطب ہوئے: ”خالد صاحب ، ہم پھر لُٹ گئے۔ ہم ابھی آپ کے پیسے نہیں دے سکتے ۔“ ”ارے حضرت ! یہ بھلائی کا زمانہ نہیں ہے۔آپ نے خواہ مخوا بھلائی کی۔ آپ لے جائیے ، سودا پیسے بعد میں دے جائیے گا۔“خالد صاحب ، نواب صاحب کو جانتے تھے ، کچھ افسوس سے بولے۔ نواب صاحب سودا اُٹھائے انتہائی معصومیت سے گھر کو چل دیے۔

 موسم بڑا خوش گوار تھا۔ ہلکی ہلکی ہوا چل رہی تھی۔فضا میں ہلکی خنکی تھی۔ صبح کا وقت تھا۔ آج تو نواب صاحب بہت خوش دکھائی دیتے تھے۔ اس لیے وہ اسکوٹر لے کر نکلے ہوئے تھے۔ پارک دیکھ کر سوچا ، کچھ دیر چہل قدمی ہی کرلی جائے۔ ابھی اسکوٹر سے اُترے ہی تھے کہ بُری طرح چونکے اور ساتھ چلتے ایک آدمی کو انھوں نے اُچک کر دبوچ لیا:”ارے بر خوردار ! رکو تو ذرا! کہاں چلے ! ذرا ،ہم سے تو ملتے چلو ،صبح صبح۔ “ نواب صاحب نے جس شخص کو پکڑا تھا ، وہی جیب کتر ا تھا۔ ”ارے بھائی! آج تو ہم تمھیں ناشتا کروائیں گے اور وہ بھی تھانے میں ۔“نواب صاحب چلائے۔ ”ارے دو منٹ میری بات تو سنیں انکل!“ نوجوان کی حالت غیر ہونے لگی۔ ”اچھا ہم تمھیں چھوڑ دیں ، تاکہ تم ہمیں پھر کوئی کہانی سنا کر بھاگ جاؤ۔“ ”نہیں نہیں انکل! مجھے چھوڑ دیں ، مجھے آپ کو کچھ دینا ہے ۔ “ نواب صاحب کے چھوڑتے ہی اُس نے جیب سے کچھ روپے نکالے اور پکڑاتے ہوئے بولا:”یہ لیں انکل ! یہ مجھے آپ کو دینے تھے اور اِس کے لیے میں آپ ہی کو ڈھونڈ رہا تھا اور ایک بار پھر میں معافی چاہتا ہوں۔ آپ کو دھوکا دیا ، لیکن یقین کیجیے ، میں بُرا آدمی نہیں ہوں۔ مجھے ندامت محسوس ہوتی تھی۔ آپ مجھے بس معاف کر دیں۔ یہ روپے گِن لیں۔ پورے تو شاید نہ ہوں ، مگر میں بعد میں لوٹا دوں گا۔ “بات کرتے کرتے یہ دونوں پارک تک چلے آئے تھے۔ ”اچھا اچھا معاف کیا ، لیکن تم تھوڑا دور ہٹ کر کھڑے ہو ہم سے۔ ہمیں تو اب بھی تم پر شک ہے اور ہاں  ،پیسے تو ہم ضرور گنیں گے۔ “یہ کہہ کر نواب صاحب انتہائی انہماک سے پیسے گننے میں مشغول ہو گئے۔ اُنھیں اُس وقت ہوش آیا ، جب بہت قریب سے ایک اسکوٹر گزری ، جس پر وہی نوجوان سوار تھا ، جو اب نواب صاحب کو چِڑانے کے انداز میں ہاتھ لہراتا ہوا جارہا تھا ، کیوں کہ تھوڑے سے رپوں کے بدلے نوجوان کے لیے اسکوٹر کا سودا بُرا نہیں تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *